Saturday, 20 April 2024, 04:37:24 am
کورونا وائرس کاپھیلاؤ روکنے کیلئے پرہجوم مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار
May 30, 2020

صحت کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہا ہے کہ کورونا وائرس سے بچنے کے لئے پرہجوم مقامات پر ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔انہوں نے ہفتہ کی سہ پہر اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس وباء سے متاثرہ مریضوں اور اموات کی بڑھتی ہوئی تعداد کے تناظر میں حکومت کے پاس اس کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے کہ مساجد، بازاروں، خریداری کے مراکز، پبلک ٹرانسپورٹ اور دیگرپرہجوم مقامات پر ماسک کے استعمال کو لازمی قرار دیا جائے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کورونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لئے احتیاطی تدابیر پر سختی سے عملدرآمد کریں۔ڈاکٹرظفرمرزا نے کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا وائرس سے صحت کے عملے کے چار کارکنوں سمیت 78 افراد جاں بحق ہوئے ہیں جو پاکستان میں ایک دن میں جاں بحق ہونے والوں کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں معالجین صف اول کے سپاہی ہیں اور حکومت نے ''وی کیئر'' پروگرام کے تحت معالجین کی صحت کے تحفظ کیلئے کئی اقدامات کئے ہیں۔

قومی سلامتی کے معاون خصوصی معید یوسف نے اس موقع پر کہا کہ ہم کورونا وائرس پھیلنے کے بعد55 سے زائد ممالک سے 33 ہزار پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو واپس لائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آئندہ ماہ کی یکم سے دس تاریخ تک مزید 20 ہزار بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔معید یوسف نے کہا کہ خلیجی ممالک میں مزدوروں کو سہولتیں فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ شہری ہوابازی کے ادارے نے صحت اور معیشت کے درمیان توازن قائم رکھنے کے پیش نظر بیرون ملک جانے والی پروازیں بحال کر دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو سہولتوں کی فراہمی کے لئے جلد ہی جامع پالیسی کا اعلان کیا جائے گا۔انہوں نے زمینی سرحدوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین اور بھارت کے ساتھ ہماری سرحدیں بند ہیں جبکہ ہفتے میں چھ دنوں کے لئے طورخم اور چمن سرحد پر سامان کی منتقلی کی اجازت دی گئی ہے۔

Error
Whoops, looks like something went wrong.