دہشت گردی کیخلاف جنگ،روس فرانس مشترکہ ورکنگ گروپ کے قیام پر رضا مند
29 مئی 2017 (22:26)
0

روس اور فرانس نے دہشتگردی کے خلاف جنگ کے بارے میں مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
یہ اعلان روس کے صدر ولادیمر پیوٹن اور ان کے فرانسیی ہم منصب ایمانویل میکرون نے فرانسیسی شہرورسیلز میں ملاقات کے بعد ایک مشترکہ پریس بریفنگ کے دوران کیا۔
اس موقع پر فرانس کے صدر نے کہا کہ ہماری اولین ترجیح دہشتگردی کیخلاف مشترکہ جنگ ہے اور ہم اس سلسلے میں روس کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم شام کی صورتحال میں بہتری کیلئے زمینی حقائق کا ایک دوسرے کے ساتھ تبادلہ کریں گے۔
روس کے صدر ولادیمر پیوٹن نے صحافیوں کو بتایا کہ ہم نے مختلف معاملات پر غور کیا ہے اور ان کا مشترکہ حل تلاش کرنے کی کوشش کی ہے۔
دونوں صدر نے جزیرہ نما کوریا کی صورتحال اور یوکرین کے بارے میں منسک معاہدے پر عمل درآمد کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔