file photo

بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہیں :فاروق
29 مئی 2017 (19:53)
0

آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں جنگی جرائم کی مرتکب ہو رہی ہیں اور انسانی حقوق کی تنظیمیں اور مہذب اقوام اس کا نوٹس نہیں لے رہیں۔
انہوں نے پیر کے روز مظفرآباد میں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اپنے مذموم عزائم کے ذریعے ریاستی دہشت گردی کر کے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی دبانے کی کوشش کر رہا ہے۔
ہفتے کے روز بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں جام شہادت نوش کرنے والے سبزار احمد بٹ ، فیضان احمد اور دوسرے نوجوان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر نے کہا کہ ان نوجوانوں نے وطن کی آزادی کے مقدس مقصد کے تحت اپنا خون بہایا۔
راجہ فاروق حیدر نے دنیا کی امن پسند اقوام سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں بند کرانے کیلئے بھارت پر دباؤ ڈالیں۔