وزیر مملکت نے کہا کہ وز یر اعظم نے تمام آئینی حقوق کے باوجود خود کو خاندان سمیت احتساب کیلئے عدالت عظمیٰ کے سامنے پیش کیا۔

پاکستان ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہے:مریم اورنگزیب
29 مئی 2017 (19:49)
0

اطلاعات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان ، ترقی مخالف عناصر کی پروا کئے بغیر ترقی وخوشحالی کی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے پیر کے روز اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف نے تمام آئینی حقوق کے باوجود خود کو اور اپنے خاندان کو احتساب کیلئے عدالت عظمیٰ کے سامنے پیش کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنے احتساب سے بچ رہی ہے اور ملک کے آئینی اداروں کا تمسخر اڑا رہی ہے کیونکہ وہ خود بدعنوانی کے بڑے سکینڈلز میں ملوث ہے۔وزیر مملکت نے کہا کہ حسین نواز تحفظات کے باوجود مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے اور انہوں نے تین بار منتخب ہونے والے وزیراعظم پر پاکستان کے عوام کا اعتماد برقرار رکھنے کے لئے ایسا کیا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعظم نے 1998 میں ایٹمی دھماکے کر کے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر بنا دیا اور اب ملک میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کا منصوبے شروع کر کے ملکی معیشت کو مستحکم کر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا معاملہ ملک کے قانون اور آئین کے مطابق حل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ شفاف تحقیقات یقینی بنانے کیلئے ٹیم کو تمام ضروری ثبوت فراہم کئے جا رہے ہیں۔