نواز شریف نے کہا ہے کہ حکومت عوام کو خاطر خواہ ریلیف کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔

وزیراعظم کی بجلی کی کم سے کم لوڈشیڈنگ یقینی بنانے کی ہدایت
29 مئی 2017 (16:02)
0

وزیراعظم محمد نواز شریف نے رمضان المبارک کے دوران عوا م کی سہولت کیلئے بجلی کی کم سے کم لوڈشیڈنگ یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔وہ پیر کو اسلام آباد میں توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کی صدارت کررہے تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ اگلے سال مارچ تک ترسیلی نظام میں نوہزار ایک سو سات میگاواٹ اضافی بجلی دستیاب ہوگی۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت بجلی بحران کے باعث عوام کو درپیش مشکلات سے بخوبی آگاہ ہے اور عوام کو خاطر خواہ ریلیف کی فراہمی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔صورتحال کی سنگینی کومد نظر رکھتے ہوئے وزیراعظم نے کل کمیٹی کا ایک اور اجلاس طلب کیا ہے۔
سیکرٹری پانی و بجلی نے اجلاس کو بتایا کہ بکی اور حویلی بہادر شاہ بجلی گھروں کی بعض ٹربائینز میں معمول کے فنی مسائل کا سامنا ہے جنہیں حل کیاجارہا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بجلی کی پیداوار اور تقسیم کے نظام کی معمول کے مطابق نگرانی کی جارہی ہے جبکہ دوسو ستر منصوبوں کی فیلڈ مانیٹرنگ ہورہی ہے۔
پیٹرولیم اور قدرتی وسائل کے وزیر نے کمیٹی کو کراچی سے لاہور تک ایل این جی کیلئے بچھائی جانے والی نئی گیس پائپ لائنو ں کے حوالے سے بریفنگ دی۔

نواز شریف نے پیر کے روز اسلام آباد میں ایک اجلاس کی بھی صدارت کی جس میں ملک بھر میں مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں خصوصی سڑکوں اور موٹر ویز کے منصوبوں اور میٹرو کو نیواسلام آباد انٹرنیشنل ائر پورٹ سے منسلک کرنے کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ منصوبے کی بروقت تکمیل یقینی بنائی جائے اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے۔
وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ تمام کام انتہائی شفافیت کے ساتھ مکمل کریں۔
اس موقع پر فرنٹئیر ورکس آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل اور نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیئرمین نے وزیراعظم کو ملک بھر میں جاری شاہراہوں اور موٹروے کے مختلف منصوبوں پر کام کی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا۔