یمن میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلاء کیلئے وزارت خارجہ میں ہنگامی سیل قائم
29 مارچ 2015 (10:09)
0

یمن میں پھنسے پاکستانیوں کے محفوظ انخلاء سے متعلق مربوط انتظامات کیلئے وزارت خارجہ میں ایک ہنگامی سیل قائم کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا کہ یمن کے مختلف شہروں میں تین ہزار پاکستانی کام کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شورش زدہ علاقے میں صرف ایک ہزار پاکستانی مقیم ہیں جنہیں پاکستان واپس لایا جائے گا۔
سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ یمن میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں پاکستانیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیاجارہا ہے جہاں سے انہیں پی آئی اے کی خصوصی پروازوں کے ذریعے وطن واپس لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ یمن میں پاکستانی سفیر ڈاکٹر عرفان یوسف کی سربراہی میں دو سو افراد کا گروپ الحدید شہر کی طرف روانہ ہے جہاں سے انہیں وطن واپس لایا جائے گا۔
سیکرٹری خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے ممنوعہ فضائی حدود کے اعلان کے بعد پاکستان سعودی عرب سے خصوصی اجازت لے رہا ہے تاکہ پی آئی اے کی خصوصی پروازیں یمن میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کے انخلاء کیلئے الحدید میں اتر سکیں۔