تعلیم کے لامتناہی ایجنڈے کے بارے میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بات پر پوری قوم متفق ہے کہ تعلیمی شعبے کو قومی ترجیحات اور عالمی معیارات سے ہم آہنگ کرنے کی غرض سے اس شعبے کو اصلاحات کے ذریعے جدید بنایا جائے۔

وزیراعظم کا خواندگی مہم شروع کرنے کا اعلان
29 مارچ 2014 (12:11)
0

وزیراعظم نواز شریف نے خواندگی مہم شروع کرنے کا اعلان کیا ہے جس میں سکولوں میں زیادہ سے زیادہ بچوں کے داخلے کو یقینی بنانے کیلئے ترغیبات کا پیکیج بھی شامل ہے۔

آج(ہفتہ ) اسلام آباد میں تعلیم کے لامتناہی ایجنڈے کے بارے میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس بات پر پوری قوم متفق ہے کہ تعلیمی شعبے کو قومی ترجیحات اور عالمی معیارات سے ہم آہنگ کرنے کی غرض سے اس شعبے کو اصلاحات کے ذریعے جدید بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ حال ہی میں صوبوں کے تعاون سے ایک قومی عملی منصوبہ شروع کیا گیا تاکہ تعلیم سے متعلق اہداف کو حاصل کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کو حکومت کے ترقیاتی پروگراموں میں ایک اہم جزو کے طور پر شامل کیا جائے۔

نواز شریف نے کہا کہ آج ملک میں جمہوریت فروغ پا رہی ہے ۔ انتقال اقتدار کا مرحلہ خوش اسلوبی سے ہو چکا تاہم اسکے حقیقی ثمرات عوام تک ابھی پہنچنے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم جمہوری اقدار مستحکم بنانا چاہتے ہیں اور یہ مقصد تعلیم ہی کے ذریعے ممکن ہو گا۔

معاشی علم پر مبنی تعلیم نظام کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سائنس اور ٹیکنالوجی ، پیشہ ورانہ تعلیم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کو تعلیمی نظام کا لازمہ حصہ بنایا جانا چاہئیے۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ تعلیمی پالیسی میں تعلیم نسواں کو ترجیح دی جانی چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فیصلہ سازی کے عمل میں خواتین کی شرکت کو یقینی بنانا چاہئیے۔
انہوں نے کہا کہ خواتین پہلے ہی تعلیمی اور زندگی کے دوسرے شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ملک کی پچا س فیصد سے زیادہ آبادی پچیس سال سے کم عمر کے افراد پر مشتمل ہے اور ملک کے مستقبل کا براہ راست تعلیم اسی طبقے سے ہے۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے تعلیم کے بارے میں خصوصی نمائندے گورڈن براؤن نے تعلیم کے فروغ کے لئے موجودہ حکومت کے اقدامات کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ یہ بات حوصلہ افزاء ہے کہ حکومت تعلیمی بجٹ دوگنا کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے تعلیم کے بارے میں قومی منصوبے سے آفاقی تعلیم کے فروغ کی راہ ہموار ہو گی۔
تعلیمی شعبے کے مقررہ اہداف کے حصول میں پاکستان کی مکمل مدد کرنے کی پیشکش کرتے ہوئے گورڈن براؤن نے کہا کہ پاکستان اس مقصد کے حصول میں کہ ہر بچہ سکول میں تعلیم حاصل کرے، متعدد ممالک اور ادارے پاکستان کو مدد دینے کے لئے آگے بڑھ رہے ہیں۔

تعلیم کے بارے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے گورڈن براؤن سے باتیں کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ حکومت معاشرے میں تعلیم میں یکسانیت ،صنفی مساوات ، خواندگی کی شرح میں اضافے اور نوجوانوں ، بالغوں کیلئے تعلیمی مواقع کی فراہمی پر توجہ دے رہی ہے۔
وہ اسلام آباد میں تعلیم کے بارے میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے خصوصی نمائندے گورڈن براؤن سے گفتگو کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں خواندگی کی مجموعی شرح اٹھاون فیصد ہے لیکن اکثریت مردوں کی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ یہ فرق ختم کیا جائے۔
تعلیم کے فروغ کے لئے اقوام متحدہ کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میلینیم ترقیاتی اہداف نے تعلیم سب کے لئے کے سلسلے میں عالمی کوششوں کے تحت زیادہ وسائل کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے طے کردہ اہداف اور اشاریوں کے حصول کا عزم کر رکھا ہے۔
نواز شریف نے اسلام آباد میں تعلیم کے بارے میں بین الاقوامی کانفرنس منعقد کرانے کے سلسلے میں گورڈن براؤن کی کوششوں کو سراہا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے 2013-16 کیلئے قومی منصوبے میں میلینیم ترقیاتی اہداف کے حصول کے لئے تیز رفتار حکمت عملی شروع کی ہے۔
وزیر خزانہ اسحق ڈار ، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور ، تعلیم کے وزیر مملکت بلیغ الرحمان بھی اس موقع پر موجود تھے۔