نفیس زکریا نے واضح طور پر کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کو ہرگز دہشتگردی قرار نہیں دیا جاسکتا

کشمیر اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ تنازعہ ہے،پاکستان
29 جون 2017 (20:18)
0

پاکستان نے واضح طور پر اس بات کا اعادہ کیا ہے کہ کشمیر اقوام متحدہ کی طرف سے تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور یہ کبھی بھارت کا حصہ نہیں رہا۔

دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ بھارتی فورسز بے گناہ کشمیریوں پر بدترین مظالم ڈھا رہی ہیں لیکن وہ طاقت کے ذریعے کشمیری عوام کی جائز اور منصفانہ جدوجہد کو نہیں دبا سکتی۔
نفیس زکریا نے واضح طور پر کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد کو ہرگز دہشتگردی قرار نہیں دیا جاسکتا کیونکہ یہ اقوام متحدہ اور دیگر تمام عالمی اداروں سے تسلیم شدہ ہے انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما حق خودارادیت کے لئے ان کی پرامن جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری پاکستانی قوم کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد میں ان کے ساتھ ثابت قدمی سے کھڑی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ گزشتہ ایک سال میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے پیلٹ گنز کے استعمال کے باعث سات ہزار سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں اور ایک ہزار سے زیادہ کمن بچے جزوی یا مکمل طور پر نابینا ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں دس لاکھ سے زائد بھارتی فوجی موجود ہیں جولوگوں کو بدترین ظلم وتشدد کا نشانہ بنارہے ہیں۔