وزیر مملکت نے کہا کہ اقتصادی راہداری آئندہ نسلوں کیلئے وزیراعظم کا عظیم تحفہ ہے۔

پاکستان جنوبی ایشیا میں ابھرتی ہوئی اقتصادی طاقت ہے ،مریم اورنگزیب
29 جون 2017 (18:06)
0

اطلاعات ونشریات کی وزیرمملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ پاکستان جنوبی ایشیا میں ابھرتی ہوئی اقتصادی طاقت ہے ۔

جمعرات کوتیسرے پہر پشاور میں میٹ دی پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ سی پیک منصوبہ پاکستان کی آئندہ نسلوں کیلئے وزیراعظم نوازشریف کا عظیم تحفہ ہے ۔
انہوں نے کہا سی پیک سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی تقدیربدلے گی۔
مریم اورنگزیب نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت اگلے سال کے شروع میں ہمیشہ کیلئے بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرکے قوم سے کیاگیا وعدہ پورا کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے پاراچنار دھماکوں میں شہید ہونے والوں کے ورثاء کیلئے دس ، دس لاکھ روپے فی کس اور زخمیوں کیلئے پانچ لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا ہے اورایسے افسوسناک واقعات پرسیاست نہیں ہونی چاہیے ۔
وزیرمملکت نے کہاکہ وفاقی حکومت قبائلی عوام کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی لانے کیلئے تمام فریقین کی مشاورت سے فاٹا میں اصلاحاتی پیکج پر عمل درآمد کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے خیبرپختونخوا کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ابھی تک کوئی بڑا منصوبہ شروع نہیں کیا ہے اوراس کی قیادت پانامہ پیپرز مقدمے میں وزیراعظم کے خاندان کے خلاف پروپیگنڈے تک محدود ہے۔

وزیراعظم کے مشیر امیر مقام نے اس موقع پر کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پارا چنار اور کوئٹہ کے دہشتگردی کے واقعات پر سیاست کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ انکے قول وفعل میں تضاد ہے۔
امیر مقام نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام نے تبدیلی کے نام پر تحریک انصاف کو ووٹ دیا تھا لیکن وہ صوبے کی خدمت کرنے میں ناکام ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ احستاب کے نعرے لگانے والے خود بدعنوانی میں ملوث ہیں۔ امیر مقام نے کہا کہ صوبائی حکومت نے پختونخوا انرجی ڈویلپمنٹ کے محکمے اور بنک آف خیبر میں ریکارڈ بدعنوانی کی ہے۔

اطلاعات ونشریات کی وزیر مملکت مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں قوم کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
انہوں نے یہ بات جمعرات کی شام پشاور میں ایک مقامی اخبار کے دفتر کے دورے کے موقع پر کہی۔
وزیرمملکت نے دہشتگردی کے واقعات پر سیاست پر افسوس ظاہر کیا۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے عوام آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کو مسترد کردیں گے کیونکہ وہ انتخابات میں کئے گئے اپنے وعدے پورے کرنے میں ناکام رہی ہے۔