File Photo

پاکستان نے دہشتگردی کیخلاف عالمی مہم میں اہم کردار ادا کیا ہے:چین
29 جون 2017 (11:35)
0

چین نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف عالمی مہم میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ بیجنگ میں معمول کی پریس بریفنگ کے دوران چینی وزارت خارجہ کے ترجمان Lu-Kang نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ دہشت گردی کے خلاف تعاون بڑھائے اور اس ضمن میں پاکستان کی کوششوں کا مکمل اعتراف کرے۔
دہشت گردی سے نمٹنے اور خطے میں دوسرے ملکوں سے متعلقہ معاملات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ چینی حکومت کا انسداد دہشت گردی کے بارے میں موقف واضح اور تسلسل کے ساتھ جاری ہے۔
Lu-Kang نے کہا کہ چین باہمی احترام کی بنیاد پر دہشت گردی کے خلاف عالمی تعاون کا خواہاں ہے۔
بھارتی وزیراعظم کی واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے حالیہ ملاقات سے متعلق انہوں نے کہا کہ چین تمام ملکوں کے درمیان دوستانہ اور تعاون پر مبنی تعلقات کا خیرمقدم کرتا ہے جو خطے اور دنیا کے امن ، استحکام اور خوشحالی کیلئے مفید ثابت ہوں گے۔