پاکستانی معیشت عالمی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش منزل بن گئی
29 جون 2017 (08:41)
0

پاکستان کی مسلسل ترقی کرتی ہوئی معیشت تاجروں اور عالمی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش منزل بن گئی ہے۔
سنگاپور میں پاکستان کے ہائی کمشنر نصراللہ خان نے یہ بات پاکستان کی کامیابیوں کو اجاگر کرنے سے متعلق ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوںنے کہا کہ پاکستان کا جغرافیائی اور تذویراتی محل و قوع انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس میں تجارت، توانائی اور نقل و حمل کے شعبوں میں ایشیا کی عظیم راہداری بننے کے تمام تر مواقع موجود ہیں۔
ہائی کمشنر نے کہا کہ حکومت کی آزادانہ، کاروبار دوست اور موثر اقتصادی پالیسیوں میں کاروباری لاگت میں کمی اور اس کی راہ میں حائل انتظامی رکاوٹوں کو دور کرنے پرخصوصی توجہ دی گئی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سے ملک میں بڑے پیمانے پر اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا اورنہ صرف نجی شعبے بلکہ بیرونی ملکوں کیلئے بھی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوں گے۔