File Photo

پاکستان کاکشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کی حمایت کے عزم کا اعادہ
29 جون 2017 (08:13)
0

پاکستان نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کی پرامن جدوجہد کی حمایت کے عزم کا اعادہ کیا ہے جس کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اوربین الاقوامی برادری نے وعدہ کر رکھا ہے۔
وائٹ ہائوس سے امریکہ اور بھارت کے جاری کردہ مشترکہ بیان کا نوٹس لیتے ہوئے دفترخارجہ کے ترجمان نے کہا کہ مشترکہ بیان میں خطے میں کشیدگی اورعدم استحکام کی وجوہات سے نمٹنے کے بارے میں کچھ نہیں کیاگیا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کی پرامن جدوجہد آزادی کو دہشت گردی اور حق خودارادیت کی حمایت کرنے والے افراد کو دہشت گرد قرار دینے کی کوئی بھی کوشش ناقابل قبول ہے۔
ترجمان نے کہا کہ پاکستان بھارت کے ساتھ خصوصاً جموں کشمیر سمیت تمام تصفیہ طلب تنازعات مذاکرات کے ساتھ پرامن انداز میں حل کرنے کیلئے تیار ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کو جدید اسلحے کی فراہمی کے معاہدے پر پاکستان کو گہری تشویش ہے کیونکہ اس سے جنوبی ایشیا میں تذویراتی توازن اور استحکام کو نقصان پہنچے گا۔