جنرل راحیل شریف نے کہا کہ دنیا کیلئے دہشتگردی ایک مسئلہ ہے تاہم پاکستان کیلئے یہ اُس کے بقاء کی جنگ ہے۔

پاکستان کے دشمن' ملک کو غیر مستحکم کرنے کیلئے خوف وہراس پیدا کررہے ہیں:آرمی چیف
29 جولائی 2015 (17:45)
0

بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمن ' ملک کو غیر مستحکم کرنے کیلئے خوف وہراس کی فضا پیدا کررہے ہیں۔

انہوں نے یہ بات عالمی سلامتی کے بارے میں پاکستان کا موقف بیان کرنے کے لئے روم میں بین الاقوامی تحقیق کے مرکز سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔  بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ دنیا کے لئے دہشت گردی ایک مسئلہ ہے تاہم پاکستان کے لئے یہ اُس کے بقاء کی جنگ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب دہشت گردی کے خلاف ایک جامع تصور ہے اور یہ دہشت گردی سے پاک پاکستان اورخطے کو یقینی بنائے گا انہوں نے کہا کہ آپریشن بہترین انداز میں جاری ہے اور اب آخری چند ٹھکانوں سے دہشت گردوں کا صفایاکیا جارہا ہے۔


جنرل راحیل نے کہا کہ دہشت گردوں کو دوبارہ منظم ہونے نہیں دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ افغانستان کے ساتھ سرحدی کنٹرول بہتر بناکر ان علاقوں کی تعمیر نو کی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان منفرد انداز میں ایک دوسرے سے منسلک ہیں اور ایک ملک میں امن دوسرے ملک میں امن کے بغیر ممکن نہیں' انہوں نے کہا کہ پاکستان مفاہمت کیلئے مخلصانہ کوششیں کررہا ہے تاہم پاکستان اور افغانستان کے امن میں خلل ڈالنے والے شرپسند عناصر کے عزائم سے باخبررہنے کی ضرورت ہے۔