دورے پر آئے ہوئے وفد نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔

 پاکستان برطانیہ کے ساتھ تعاون کو فروغ دینے کا خواہشمند ہے:سرتاج عزیز
29 جولائی 2015 (16:44)
0

خارجہ امور کے مشیر سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہشمند ہے۔

اسلام آباد میں برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے وفد سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے برطانیہ کے ساتھ دوستانہ اور خوشگوار تعلقات پچھلے دو سال کے دوران مضبوط ہوئے ہیں۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان میں جمہوری عمل مضبوط ترہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک سرمایہ کار دوست ملک ہے اور برطانوی سرمایہ کاروں کو اس ماحول سے استفادہ کرنا چاہیے۔
مشیر خارجہ امور نے دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف پاکستان کی کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔
انہوں نے افغانستان کے ساتھ تعمیری روابط کے عمل کو آگے بڑھانے کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کیلئے وزیر اعظم کے وژن کو بھی اجاگر کیا۔
دورے پر آئے ہوئے وفد نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے دو طرفہ تجارت اور مختلف شعبوں بالخصوص تعلیم کے شعبے میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔