قائم علی شاہ نے سیلاب اور بارشوں سے پیدا ہونے والی مجموعی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے دریائے سندھ کے ملحقہ علاقوں کشمور اور کندھ کوٹ میں گدو بیراج کا دورہ کیا ۔

کسی بھی ناخوشگوارصورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں :وزیر اعلیٰ سندھ
29 جولائی 2015 (13:49)
0

وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے دریائے سندھ کے ملحقہ علاقوں کشمور اور کندھ کوٹ میں گدو بیراج کا دورہ کیا تاکہ سیلاب اور بارشوں سے پیدا ہونے والی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے۔محکمہ آبپاشی کے سیکرٹری نے انہیں تمام حفاظتی بندوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

گدو بیراج پر صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں جبکہ پاک فوج کے جوان اور آبپاشی کا عملہ حفاظتی بند اور پشتوں کو مضبوط بنانے کے کام کی مشترکہ طور پر نگرانی کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گھوٹکی شانک بند پر سیلابی پانی کے دبائو میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے پاک فوج کو سول انتظامیہ کی مدد کیلئے طلب کرلیا گیا ہے تاکہ امدادی کارروائیوں کے ذریعے کچے کے علاقوں سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا جاسکے۔سید قائم علی شاہ نے کہا کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کا صوبائی ادارہ بھی سیلاب کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔


ادھربے نظیر آباد کے ڈویژنل کمشنر نے کچے کے علاقے کے مکینوں پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر علاقے کو چھوڑ کر محفوظ مقامات یا حکومت کی جانب سے قائم امدادی کیمپوں میں منتقل ہو جائیں۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ بارش سے متاثرہ افراد مدد کیلئے کنٹرول روم یا متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر سے رابطہ کرسکتے ہیں۔