وزیرداخلہ نے کہاہے کہ سندھ رینجرز نے جرات کا مظاہرہ اور قربانیاں دے کر کراچی میں امن قائم کرنے کے حوالے سے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔

29 اپریل 2017 (16:00)
0

وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ کراچی آپریشن کو اسکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا کیونکہ صوبائی دارالحکومت میں امن پورے ملک کے مفاد میں ہے۔آج کراچی میں پاکستان رینجرز سندھ کی چوبیسویں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے اندرونی اور بیرونی خطرات سے موثر انداز میں نمٹتے ہوئے ملک میں امن وامان برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ قانون نافذ کرنے والے اور خفیہ اداروں کی مربوط کوششوں کے باعث دہشت گرد ، بھتہ خور اور جرائم پیشہ عناصر اب فرار ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ رینجرز نے جرات کا مظاہرہ اور قربانیاں دے کر کراچی میں امن قائم کرنے کے حوالے سے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔
چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ سندھ میں رینجرز کے اختیارات میں توسیع کے معاملے کو سیاسی رنگ نہیں دینا چاہئیے اور ہر تین ماہ بعد کسی رکاوٹ کے بغیر مدت میں توسیع کی جانی چاہئیے تاکہ وہ خوش اسلوبی سے کام کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے سندھ رینجرز کیلئے سات ارب پچاس کروڑ روپے سے بڑھا کر بارہ ارب روپے کئے ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ گزشتہ تین سال کے دوران سندھ رینجرز نے کراچی میں نوہزار پانچ سو کارروائیاں کیں جن میں سات ہزار دہشت گردوں اور جرائم پیشہ عناصر کو گرفتار کیا گیا جبکہ اسلحے اور دھماکہ خیز مواد کی بھاری کھیپ بھی برآمد ہوئی۔

دریں اثناء وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے رینجرز ہیڈ کوارٹرز میں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کی ۔ اجلاس میں ڈی جی اینٹی نارکاٹیکس فورس میجر جنرل مسرت نواز ملک، آئی جی ایف سی کے پی کے نارتھ میجر جنرل شاہین مظہر محمود، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل اظہر نوید حیات خان ، ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید، آئی جی ایف سی بلوچستان ساتھ میجر جنرل سردار طارق امان، آئی جی ایف سی بلوچستان نارتھ میجر جنرل ندیم احمد انجم، سیکرٹری داخلہ طارق محمود خان، ڈی جی پاکستان کوسٹ گارڈز برگیڈئر عتیق الرحمان، ڈی جی گلگت بلتستان سکاٹس بریگیڈئر اعجاز الرحمن تنویر نے شرکت کی ۔اجلاس میں کراچی آپریشن اور ملک کی اندرونی سلامتی میں سول آرمڈ فورسز کے کردار سے متعلقہ امور زیر غور آئے ۔
ڈی جی رینجرز سندھ نے وزیر داخلہ کو کراچی آپریشن پر بریفنگ دی۔قبل ازیں رینجرز ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل محمد سعید نے وزیر داخلہ کا استقبال کیا ۔