کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سے قلمدان واپس لیا جائے ۔

وزیراعظم کی ڈان لیکس انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی منظوری
29 اپریل 2017 (15:01)
0

وزیراعظم محمد نواز شریف نے ڈان لیکس انکوائری کمیٹی کی سفارشات منظور کرتے ہوئے متعلقہ وزارتوں اور ڈویژنوں کو عملدرآمد کی ہدایت کی ہے۔ سفارشات کے مطابق روزنامہ ڈان ، ظفرعباس اور سیرل المیڈا کے کردار کا معاملہ ضروری انضباطی کارروائی کے لئے آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی کو بھیجا جائے۔
آل پاکستان نیوزپیپرز سوسائٹی سے یہ بھی کہا گیا ہے کہ وہ اشاعتی اداروں کیلئے خصوصاً پاکستان کی سلامتی سے متعلقہ معاملات کے بارے میں خبروں کی اشاعت کے حوالے سے ضابطہ اخلاق وضع کرے اور قومی اہمیت اور سلامتی کے معاملات کے بارے میں خبروں کی اشاعت میں صحافت اور ادارت کے بنیادی اصولوں کی پاسداری یقینی بنائے۔
کمیٹی کی رپورٹ کی بنیاد پر الزامات کے حوالے سے وزارت اطلاعات کے پرنسپل انفارمیشن آفیسر راؤ تحسین علی کے خلاف 1973 کے ای اینڈ ڈی قواعد کے تحت کارروائی کی جائے۔
وزیراعظم کے خارجہ امور کے بارے میں معاون خصوصی طارق فاطمی سے قلمدان واپس لیا جائے اور اس سلسلے میں فوری طور پر نوٹیفکیشن جاری کیا جائے۔