Saturday, 14 December 2024, 07:42:05 pm
 
پاکستان روس کے ساتھ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے،ایاز صادق
November 29, 2024

قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان روس کے ساتھ اپنے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو فروغ دینا چاہتا ہے۔

وہ ماسکو میں رشین فیڈر یشن کی فیڈرل اسمبلی کی فیڈرل کونسل کی سپیکر ویلنٹینا مٹوینیکو سے گفتگو کررہے تھے۔

ایاز صادق نے پاک ، روس پارلیمانی تعلقات کو مستحکم کرنے کی اہمیت پر زوردیتے ہوئے کہاکہ پارلیمانی تعاون دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مستحکم کرنے میں نہایت اہم کردارادا کرسکتا ہے۔

سپیکر نے دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی، سفارتی اور حکومتی سطح پربڑھتے ہوئے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

ایاز صادق نے دونوں ممالک کے اراکین پارلیمنٹ کے درمیان رابطوں میں اضافے کی ضرورت پر زوردیا۔

انہوں نے پاکستان اورروس کے درمیان اقتصادی اورتجارتی تعلقات کومستحکم کرنے کی پاکستان کی خواہش کااعادہ کیا انہوں نے اقتصادی اورتجارتی تعاون کو فروغ دینے کیلئے دونوں ممالک کی کاروباری برادری کے درمیان رابطوں کو بڑھانے کی ضرورت پر زوردیا۔

ویلنٹینا مٹوینیکو نے کہا کہ روس پاکستان کے ساتھ اپنے سفارتی ، پارلیمانی اور اقتصادی تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔