Saturday, 14 December 2024, 07:03:55 pm
 
اسلام آباد میں انتشار پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کے لئے ٹاسک فورس قائم
November 29, 2024

وزیراعظم شہبازشریف نے حالیہ دنوں میں اسلام آباد میں افراتفری اور انتشار پھیلانے والوں کی شناخت کرنے اور ان کے خلاف موثر کارروائی کے لئے ایک ٹاسک فورس قائم کی ہے۔

وہ آج (جمعہ) اسلام آباد میں امن عامہ کی صورتحال کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔

اس ٹاسک فورس کی قیادت وزیر داخلہ محسن نقوی کریں گے اور اس میں وزیر قانون و انصاف  اعظم نذیر تارڑ، وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ' وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور سیکورٹی فورسز کے نمائندے شامل ہوں گے۔

یہ ٹاسک فورس گزشتہ اتوار کو انتشار پھیلانے اور پرتشدد واقعات میں ملوث مسلح افراد کی شناخت کو یقینی بنائے گی تاکہ انہیں قانون کے مطابق مثالی سزا دی جاسکے۔

وزیراعظم نے ملک میں آئندہ افراتفری اور انتشار پیدا کرنے والوں کو روکنے کے لئے وفاقی انسداد فساد فورس قائم کرنے کا فیصلہ کیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ انسداد فساد فورس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق پیشہ ورانہ تربیت اور آلات سے لیس کیا جائے گا۔

اجلاس میں وفاقی فارنزک لیبارٹری قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی جو ایسے واقعات کی تحقیقات اور شواہد جمع کرنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی بروئے کار لائے گی۔

اس کے علاوہ یہ فیصلہ کیا گیا کہ اسلام آباد سیف سٹی منصوبے کو جدید خطوط پر استوارکیا جائے گا، استغاثہ کی بنیادی خدمات کومستحکم کرنے اور اس کی افرادی قوت میں اضافہ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان استحکام کی جانب گامزن ہے،پاکستان کے استحکام اور ترقی کے دشمن اپنے مذموم عزائم میں کامیاب نہیں ہوں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ خیبرپختونخوا بہادر اور باوقار لوگوں کاصوبہ ہے اور مٹھی بھر انتشار پسند پرامن اور معزز پشتونوں کی نمائندگی نہیں کرتے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سمیت تمام پاکستانیوں نے24نومبر کے مارچ کو مسترد کیا ہے۔

انہوں نے سب لوگوں پر زور دیا کہ وہ ایسی مذموم کوششوں کو روکنے اور پاکستان کے اقتصادی اور قومی استحکام کے تحفظ کیلئے مل کر کام کریں۔