Sunday, 29 September 2024, 08:30:56 pm
 
صدر،وزیراعظم کی پنجگورمیں مزدوروں کے وحشیانہ قتل کی مذمت
September 29, 2024

صدرآصف علی زرداری اور وزیراعظم محمدشہبازشریف نے بلوچستان کے علاقے پنجگور میں مزدوروں کے وحشیانہ قتل کی پرزور مذمت کی ہے۔

صدرپاکستان نے اپنے تعزیتی پیغام میں اس سانحہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

صدر نے مزدوروں کو ہدف بنانے والے دہشتگرد عناصر کے خلاف مؤثر کارروائی کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بے گناہ مزدوروں اور شہریوں کو نشانہ بنانا ظالمانہ اور قابل مذمت عمل ہے۔

اپنے بیان میں وزیراعظم نے بھی مزدوروں کے قتل کے واقعے کی شدید مذمت کی۔

انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کر لی اور مجرموں کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لئے ہرممکن اقدام کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے اس واقعے میں زخمی ہونیوالوں کو بہتر علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

غمزدہ خاندانوں کے ساتھ تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مزدور ایک مکان تعمیر کر رہے تھے اور ان پر وحشیانہ حملہ انتہائی قابل مذمت ہے۔

انہوں نے ملک سے ہر قسم کی دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا ۔