Sunday, 29 September 2024, 08:36:41 pm
 
حکومت تمام شعبوں میں اصلاحات پر عملدرآمد کیلئے پرُعزم ہے،وزیرخزانہ
September 29, 2024

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے تمام شعبوں میں اصلاحات پر عملدرآمد کیلئے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی معیشت میں بنیادی تبدیلیوں سے برآمدات میں اضافہ ہو گا اور دیرپا ترقی حاصل ہو گی۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ادارہ جاتی اصلاحات نہ صرف عالمی مالیاتی فنڈ کا تقاضا ہے بلکہ پاکستان کو اس کی ضرورت ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ معاشی استحکام ملک میں مجموعی اور پائیدار ترقی کی بنیاد فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران معاشی استحکام کا تسلسل برقرار رہا تاہم پائیدار ترقی کیلئے اس میں مستقل استحکام کی ضرورت ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ ملک میں تیار کئے گئے معاشی اصلاحات کے ایجنڈے کیلئے ہم ہمیشہ اپنے تھنک ٹینکس سے مشاورت کرتے ہیں اور غیر ملکی تجاویز پر بھی غور کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں جیسا کہ معاشی اشاریوں سے ظاہر ہوتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ برآمدات میں سالانہ انتیس فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ مہنگائی اڑتیس فیصد سے کم ہو کر دس فیصد سے نیچے آ گئی ہے اور مزید کم ہو رہی ہے۔

انہوں نے کہا پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری آئی ہے، پاکستان سٹاک ایکسچینج نئے ریکارڈ قائم کر رہی ہے اور معیشت درست سمت میں گامزن ہے۔