Friday, 20 September 2019, 10:25:12 am
کشمیری مقبوضہ کشمیر میں آبادی کاتناسب تبدیل کرنے کی بھارت کی یکطرفہ کوششوں کو کبھی تسلیم نہیں کریں گے،مشال ملک
August 29, 2019

حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک نے کہا ہے کہ کشمیری مقبوضہ کشمیر میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی بھارت کی یکطرفہ کوششوں کو کبھی تسلیم نہیں کریںگے۔ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل کو ایک خصوصی انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کربلا کی سی صورتحال ہے اور راشٹریہ سوائم سیوک سنگھ کے غنڈے وادی میں تعینات کئے جا رہے ہیں۔مشال ملک نے کہا کہ عالمی ذرائع ابلاغ اور پاکستانی ذرائع ابلاغ کشمیر کے بارے میں عالمی برادری کو موثر انداز میں آگاہ کر رہے ہیں اور دنیا بھر میں لوگ احتجاج کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ریڈیو پاکستان رابطے کا ایک موثر ذریعہ ہے جس کی خصوصاً مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی بندش کے تناظر میں بڑے پیمانے پر رسائی ہے۔ریڈیو پاکستان کے خبروں اور حالات حاضرہ کے چینل کی کشمیر بنے گا پاکستان کے عنوان سے خصوصی نشریات کو سراہتے ہوئے مشال ملک نے ریڈیو پاکستان پرزور دیا کہ وہ یاسین ملک کو رہا کرو کے عنوان سے اور دیگر حریت رہنماؤں کی رہائی کیلئے ایک اور مہم شروع کرے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت ان کے شوہر یاسین ملک کو بچپن سے شدید تشدد کا نشانہ بنا رہی ہے اور اب ان کو امراض قلب سمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا ہونے کے باوجود ڈیتھ سیل میں رکھا جا رہا ہے۔