Sunday, 05 July 2020, 06:33:21 pm
آمدہ دنوں میں کورونا کیسز کی تعداد اور اموات میں اضافہ کا امکان ہے،ڈاکٹر ظفر
May 29, 2020

صحت کے معاون خصوصی ڈاکٹر ظفر مرزا نے لوگوں پرزوردیا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے بچائو کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں کیونکہ آنے والے دنوں میں ملک میں کورونا کے کیسز کی تعداد اور اموات میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔
انہوں نے اسلام آباد میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے کہاکہ ملک میں وینٹی لیٹرز اور بستروں کی دستیابی کے حوالے سے صورتحال کنٹرول میں ہے ۔
معاون خصوصی نے کہاکہ اس وقت تمام وینٹی لیٹرز میں سے اٹھارہ سے بیس فیصد زیر استعمال ہیں۔
انہوں نے کہاکہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر صورتحال کا بغور جائزہ لے رہا ہے اور مختلف متعلقہ فریقوں کی مشاورت سے صورتحال کے مطابق حکمت عملی اختیار کی جائے گی ۔
ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہاکہ لوگ لاک ڈائون کے حوالے سے نازک صورتحال کا ادراک نہیں کرسکے انہوں نے کہاکہ کورونا سے جاں بحق ہونے والوں کی تدفین کیلئے نئی ہدایات جاری کی ہیں ۔
معاون خصوصی نے کہاکہ میت سے کورونا وائرس کی منتقلی کی اب تک کوئی شہادت نہیں ملی ہے۔
انہوں نے کہاکہ میت کو غسل دینے والوں اور اس کی تدفین کرنے والوں کو ذاتی تحفظ کے سامان کے استعمال سمیت تمام احتیاطی تدابیر اختیار کرنی چاہئیں ۔
ڈاکٹر ظفرمرزا نے کہاکہ عید کی تعطیلات کے دوران ٹیسٹ کرنے کا عمل سست ہوگیا تھا تاہم اس وقت اس عمل میں تیزی آگئی ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان میں 35 فیصد لوگ اس وباء سے مکمل طورپر صحت یاب ہوئے ہیں۔