کرفیو اور دیگر پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے ہزاروں افراد کی کمانڈر سبزار احمد کی نمازجنازہ میں شرکت
28 مئی 2017 (22:29)
0

مقبوضہ کشمیر میں ضلع پلوامہ کے علاقے ترال میں آج ہزاروں لوگوں نے کرفیو اور دیگر پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے حزب المجاہدین کے اعلیٰ سطح کے کمانڈر سبزار احمد بٹ کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق لوگ وادی کشمیر کے مختلف علاقوں سے سبزار احمد بٹ کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے ترال پہنچنے جنہیں بھارتی فوجیوں نے ان کے ساتھی فیضان احمد سمیت گزشتہ روز ترال میں شہید کر دیا تھا۔
سخت پابندیوں اور بھارتی فورسز اہلکاروں کی بڑی تعداد میں تعیناتی کے باوجود ترال میں لوگوں کا ایک جم غفیر امڈ آیا ۔ انہیں آزادی کے حق میں اور بھارت کے خلاف نعروں کی گونج میں ترال کے علاقے رٹھسونہ میں اپنے آبائی قبرستان میں سپرد خاک کیا گیا۔
شہید فیضان احمد کی نماز جنازہ دارلعلوم روڑ ترال میں ادا کی گئی۔ شہید کی ایک جھلک دیکھنے کے لیے لوگوں کی ایک بڑی تعداد یہاں پہنچی تھی۔ فیضان احمد کو ترال کے مزار شہداء میں شہید برہان مظفر وانی کی قبر کے متصل دفن کیا گیا۔
ہڑتال کی کال سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک پر مشتمل مشترکہ مزاحمتی قیادت نے دی تھی۔
کل بھی علاقے میں ہڑتال کی جائے گی جبکہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے منگل کو ترال کی طرف مارچ کیا جائے گا۔
ادھر انتظامیہ نے سیدعلی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمد یاسین ملک سمیت دیگر حریت رہنمائوں کو احتجاجی مظاہروں کی قیادت سے روکنے کے لیے گھروں اور جیلوں میں نظر بند رکھا۔