File photo

حکومت پاکستان کو خوشحالی کی راہ پرگامزن کرنے کیلئے اقدامات کررہی ہے:سعد
28 مئی 2016 (17:13)
0

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پرگامزن کرنے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات کررہی ہے ۔

انہوں نے یہ بات ہفتہ کے روز لاہور میں یوم تکبیر کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔
وزیرریلوے نے پارٹی قیادت اور کارکنوں کومبارک باد دیتے ہوئے کہاکہ ایٹمی دھماکوں نے ملک کا دفاع ناقابل تسخیر بنادیا ۔
انہوں نے کہاکہ شدید بین الاقوامی دبائو کے باوجود ملک کے وسیع تر مفاد میں ایٹمی تجربات کئے گئے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم محمد نوازشریف اس دبائو کے آگے نہیںجھکے اورایٹمی دھماکے کئے ۔
بعد میں انہوں نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پرزوردیا کہ وہ بے بنیاد الزامات لگا کر وقت ضائع کرنے کے بجائے خیبرپختونخوا میں معاملات کی بہتری پرتوجہ دیں۔
وزیرریلوے نے کہا کہ حزب اختلاف کی جماعتیں پانامہ لیکس کے معاملے پر سیاست کررہی ہیں اور حزب اختلاف کے مجوزہ تمام قواعدوضوابط میں صرف وزیراعظم محمد نوازشریف کی شخصیت کو نشانہ بنایاگیا ہے ۔
انہوں نے کہاکہ حکومت ایسا قانون بناناچاہتی ہے کہ وہ تمام پاکستانی شہری جن کی بیرون ملک کمپنیاں بنک اکاونٹس اور جائیداد ہے ان کے نام پانامہ لیکس میں ہیں یا نہیں ان کی تحقیقات ہونی چاہئیں۔
خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ حزب اختلاف کی جماعتوں نے اپنے صوبوں میں نہ خود عوام کے مفاد میں کام کیا نہ انہوں نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت کو اس سلسلے میں ملکی سطح پر کام کرنے دیا ۔