وزیرخزانہ نے بجٹ سے متعلق ایف بی آر کے کام کو جلد سے جلد مکمل کرنے پر زور دیا ہے۔

آئندہ بجٹ کیلئے مجوزہ اقدامات سے جامع شرح نمو حاصل کرنے میں مدد ملے گی: اسحاق ڈار
28 مئی 2016 (10:23)
0

وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ آئندہ بجٹ کے لئے مجوزہ اقدامات سے پائیدار اور جامع شرح نمو حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔وہ اسلام آباد میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں ایک اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں بجٹ تجاویزکوحتمی شکل دی گئی۔وزیرخزانہ نے بجٹ سے متعلق ایف بی آر کے کام کو جلد سے جلد مکمل کرنے پر زور دیا۔
ایف بی آر کے چیئرمین نے ٹیکس وصولی کی تازہ ترین صورتحال کے بارے میں بتایا کہ اس ضمن میں مثبت رجحان دیکھنے میں آرہا ہے اور موجودہ مالی سال کے لئے ٹیکس وصولی کا ہدف حاصل کرلیا جائے گا۔اجلاس میں ودہولڈنگ ٹیکس اور اس سلسلے میں مستقبل کے لائحہ عمل سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دریں اثناء ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے وفد نے اسلام آباد میں وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ملاقات میں کہا گیا کہ ملک کا بیرونی اکائونٹ مستحکم ہے اورزرمبادلہ کے ذخائر اکیس ارب ساٹھ کروڑ ڈالر کی بلند سطح تک پہنچ چکے ہیں۔
وفد نے اپنے مسائل کے حل کے لئے وزیر خزانہ سے مدد طلب کی۔ اسحاق ڈار نے یقین دلایا کہ آئند ہ بجٹ کیلئے ان کی تجاویز پر غور کیا جائے گا اور ان کے حقیقی مسائل بھی حل کیے جائیں گے۔