پاکستان نے 28مئی 1998کو بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں ایٹمی تجربات کئے اور مادرو طن کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنادیا ۔

یوم تکبیر ہفتہ کے روز منایا گیا
28 مئی 2016 (10:59)
0

یوم تکبیر ہفتہ کے روز اس عزم کے ساتھ منایا گیا کہ کسی بھی جارحیت کے خلاف ملک کا دفاع کیا جائے گا۔پاکستان نے اٹھائیس مئی1998 کو بھارت کے ایٹمی دھماکوں کے جواب میں ایٹمی تجربات کرکے مادروطن کے دفاع کو ناقابل تسخیر بنا دیا تھا۔
ملک کی ترقی اور خوشحالی' آئین کی بالادستی اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔اس دن کی اہمیت اجاگر کرنے کیلئے سرکاری اورنجی سطح پرخصوصی پروگراموں اور تقریبات کا اہتمام کیاگیا۔ریڈیو پاکستان نے بھی یوم تکبیر کے حوالے سے خصوصی پروگرام نشر کیے۔
مسلم لیگ(ن) کے سینئر رہنما حمزہ شہبازشریف نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے ایٹمی دھماکوں کا دلیرانہ ، جرات مندانہ اوربروقت فیصلہ کیا جس سے پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہوگیا ۔
انہوں نے یہ بات اٹھارہویں یوم تکبیر کے موقع پر ایوان اقبال لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔
مسلم لیگ(ن) کے رہنما نے کہاکہ بین الاقوامی برادری نے ایٹمی دھماکے نہ کرنے کے عوض وزیراعظم نوازشریف کو اربوں ڈالرز کی پیشکش کی تاہم انہوں نے ملک کے دفاع اور وقار کو ترجیح دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا ۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان کو دوسروں پرالزامات لگانے سے پہلے اپنے دائیں اوربائیں جانب دیکھنا چاہیے ۔
حمزہ شہبازنے کہاکہ سب کا احتساب ہوناچاہیے انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال روز بروز بہتر ہورہی ہے اور اغوا برائے تاوان ، بھتہ خوری اور قتل کے واقعات میں واضح کمی ہوئی ہے ۔
پورے ملک کی طرح بلوچستان میں بھی یوم تکبیر پورے جوش وجذبے کے ساتھ منایا گیا ۔
سیاسی اوردیگر تنظیموں نے اس دن کے حوالے سے مختلف تقاریب کا اہتمام کیا
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کوئٹہ کے ڈپٹی میئر یونس بلوچ نے کہاکہ اس وقت وزیراعظم نوازشریف نے جرات مندانہ فیصلہ کیا اورملک کے دفاع کو مضبوط بنایا ۔
گورنر بلوچستان محمدخان اچکزئی نے ایک بیان میں قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے اس پر زوردیا کہ ملک کی ترقی وخوشحالی میں اپنا کردارادا کرے ۔
یوم تکبیر کے سلسلے میں ہفتہ کی شام پشاور میں ایک جلسہ عام ہوا ۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پیر صابرشاہ اور رحمت سلام خٹک سمیت مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے کہاکہ وزیرعظم نوازشریف نے تمام پرکشش مراعات کومستردکرکے مادروطن کے دفاع کیلئے ایٹمی تجربات کئے اور اقوام عالم میں ملک کا وقار بلند کیا ۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن بقائے باہمی کی بنیاد پر دوستانہ تعلقات چاہتا ہے ۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنمائوں نے کہاکہ پاکستان کا ایٹمی پروگرام اپنے دفاع کیلئے ہے اور اس کے کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں ہیں۔

وزیراطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ وزیراعظم نوازشریف نے بے پناہ بین الاقوامی دبائو کے باوجود جوہری دھماکے کیے ۔
یوم تکبیر کے موقع پر مظفرآباد میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ صرف بہادر رہنما ہی مشکل فیصلے کرسکتے ہیں ۔
انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے یہ فیصلہ ملکی سلامتی کے تحفظ اور ملکی وقار کی بلندی کیلئے کیا ۔