نوازشریف نے کہا کہ دہشت گردوں کیخلاف کارروائی منطقی انجام تک جاری رہے گی۔

وزیر اعظم کا دہشت گردی کے خاتمے کے عزم کا اعادہ
28 مارچ 2016 (22:23)
0

وزیراعظم نوازشریف نے حکومت کے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کو امن،ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنانے کا عظیم مشن بھرپور انداز میں جاری رہے گا۔
وہ گلشن پارک لاہور کے سانحے کے تناظر میں پیر کی رات ریڈیو پاکستان اور ٹیلی ویژن پر قوم سے خطاب کر رہے تھے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے متعلقہ ادار وں کو واضح ہدایات دی ہیں کہ دہشتگردوں اوران کے معاونین کو چاہے وہ جہاں کہیں بھی ہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔
نوازشریف نے کہا کہ ضرب عضب عوام کی مکمل تائید اور حمایت سے شروع کیا گیا تھا تا کہ دہشت گر دوں کا خاتمہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اس آپریشن میں بڑے مقاصد حاصل کئے گئے ہیں لیکن ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک یہ مشن جاری رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے،تربیتی مراکز اور ڈھانچے تباہ کر دئیے گئے ہیں اوران کی باقیات اب تعلیمی اداروں، پارکوں اور تفریحی مقامات جیسے آسان ترین اہداف کو نشانہ بنا رہی ہیں۔
وزیر اعظم نے عزم ظاہر کیا کہ دہشت گردوں سے شہدا کے ہر ہر قطرہ خون کا بدلہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی منطقی انجام تک جاری رہے گی۔
نوازشریف نے کہا کہ اسلام امن اور بھائی چارے کا دین ہے جو ہمیں یہ سکھاتا ہے کہ ایک انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔انہوں نے کہا کہ پیغمبر اسلام ۖ پوری انسانیت کیلئے رحمت ہیں اور انہوں نے اعلیٰ ترین اخلاق اور کردار کی مثالیں قائم کی ہیں۔