حزب المجاہدین کی قیادت کبھی دہشتگردی کی سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہی:صدر، وزیراعظم آزاد کشمیر
28 جون 2017 (10:43)
0

امریکی محکمہ خارجہ کے حزب المجاہدین کے رہنما سید صلاح الدین کو عالمی دہشت گرد قرار دینے کے فیصلے کی مذمت کیلئے پورے آزاد کشمیر میں ریلیاں نکالی گئیں اور احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔شرکاء نے پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ اور بھارت مخالف اور آزادی کے حق میں نعرے درج تھے۔
انہوں نے سید صلاح الدین اور حزب المجاہدین کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔
اُدھر آزاد کشمیر کے صدر سردار محمد مسعود خان اور راجہ فاروق حیدر نے بھی امریکی فیصلے کی سخت مذمت کی ہے۔اپنے الگ الگ بیانات میں انہوں نے کہا کہ حزب المجاہدین کی قیادت کبھی دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوث نہیں رہی اور اس کی جدوجہد خالصتاً بھارتی تسلط سے کشمیر کی آزادی کیلئے ہے۔
انہوں نے اس فیصلے کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے درمیان گٹھ جوڑ کا نتیجہ قرار دیا۔