File Photo

پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کیلئے اپنی حمایت جاری رکھے گا
28 جون 2017 (06:45)
0

پاکستان نے کہا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول کے منصفانہ نصب العین کے لئے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔

واشنگٹن میں امریکی صدر کے ساتھ بھارتی وزیراعظم کی ملاقات کے بعد دیئے گئے بیان کے ردعمل میں وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے عزم ظاہر کیا کہ کشمیریوں کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حق خودارادیت کا حصول اور بھارتی چنگل سے آزادی کشمیریوں کی منزل ہے اور دنیا کی کوئی طاقت انہیں اپنے جائز اور قانونی حق سے محروم نہیں رکھ سکتی۔
انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ امریکی انتظامیہ نے بھارت کی زبان بولناشروع کر دی ہے جو نہ صرف مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا مجرم ہے بلکہ کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو دہشت گردی کا رنگ دینے کی کوشش کررہا ہے۔
چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ امریکی انتظامیہ کے بیان سے یہ تاثر ملتا ہے کہ انسانی حقوق کے بین الاقوامی قوانین کشمیریوں کے مسئلے پر لاگو نہیں ہوتے۔