منصوبوں کا بنیادی مقصد سرمایہ کاروں کو مختلف سہولتوں کی فراہمی ہے

حکومت کا صنعتی ترقی کی بحالی اور فروغ کیلئے متعدد منصوبوں کاآغاز
28 جون 2016 (13:21)
0

حکومت نے صنعتی ترقی کی بحالی اور فروغ کے لئے متعدد منصوبے شروع کئے ہیں۔سرکاری ذرائع کے مطابق ان منصوبوں میں حیدرآباد انجینئرنگ سپورٹ سنٹر، بوستان انڈسٹریل اسٹیٹ، کوئٹہ انڈسٹریل اسٹیٹ اور مظفر آباد میں جیمز اینڈ جیولری تربیتی اور پروسیسنگ سنٹر شامل ہیں۔ان منصوبوں کا بنیادی مقصد سرمایہ کاروں کو مختلف سہولتوں کی فراہمی ہے جن میں تیار شدہ بنیادی ڈھانچہ، ہنر مند افرادی قوت، مارکیٹنگ سہولیات اور مشترکہ سہولتیں مراکز شامل ہیں۔
ذرائع نے کہا کہ حکومتی آٹو انڈسٹریل پالیسی سے اس شعبے میں نئی سرمایہ کاری راغب ہوگی اور اس سے منسلک صنعتیں بھی مستفید ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل پالیسی2014-19 پر سرگرمی سے عمل کیا جارہا ہے تاکہ ٹیکسٹائل بالخصوص برآمدات کو فروغ دیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصاد ی راہداری کے ساتھ صنعتی پارکوں اور خصوصی اقتصادی زونز کے قیام سے نئے اقتصادی مواقع پیدا ہونگے اور صنعتی ترقی میں اضافہ ہوگا۔