یہ بات صدر ممنون نے افغانستان کے سفیر جانان موسی زئی سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔

پاکستان نے افغان قیادت کے ساتھ مثبت روابط قائم کررکھے ہیں:صدر
28 جولائی 2015 (17:49)
0

صدرممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان نے افغان قیادت کے ساتھ مفاہمت اور اعتمادسازی کیلئے مثبت روابط قائم کررکھے ہیں۔

انہوں نے یہ بات منگل کو اسلام آباد میں افغانستان کے سفیر جانان موسی زئی سے گفتگوکرتے ہوئے کہی ۔  صدرنے افغان صدر اشرف غنی کی سوچ اور بصیرت کو سراہا انہوں نے کہاکہ ان کی قیادت میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور تعاون میں واضح بہتری آئی ہے ۔


انہوں نے دونوں برادر ملکوں کے علمائے کرام اور ارکان پارلیمنٹ ، طالب علموں اور خاص طورپر خاتون وفود کے دوروں اور روابط بڑھانے کی ضرورت پر بھی زوردیا۔  افغان سفیر نے کہاکہ پاکستان کے ساتھ ان کے ملک کے تعلقات درست سمت میں گامزن ہیں ۔

دریں اثناء منگل کو صدر نے اسلام آباد میں اسپین کے سکبدوش ہونے والے سفیر JAVIER CARBAJOSA SANCHEZ کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے تجارتی وفود کے تبادلے کے ذریعے پاکستان اور اسپین کے درمیان دوطرفہ تجارتی تعلقات کے فروغ کی کوششوں پر زوردیا ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے ساز گار پالیسیاں ہیں اور زوردیا کہ اسپین کی کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری کریں توانائی ، تعلیم، زراعت اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی جاسکتی ہے ۔