پاک فوج اور رینجرز کے جوان قادر پور بند پر پہنچ گئے ہیں انہوں نے کچھ کے علاقے میں پھنسے لوگوں کومحفوظ مقامات پرمنتقل کرنے کیلئے امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں ۔

دریائے سندھ:گدو سکھر اور چشمہ بیراج کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب
28 جولائی 2015 (13:43)
0

دریائے سندھ میں گدو سکھر اور چشمہ بیراج کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب ہے۔

حالیہ شدید بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی سطح بلند ہورہی ہے۔   دریائے سندھ میں قادر پور بند پرپانی کی سطح انتہائی خطرناک حد تک پہنچ گئی ہے اور بند پر سیلابی پانی کا شدید دبائو ہے۔  گھوٹکی کی ضلعی انتظامیہ کے ترجمان نے ریڈیو پاکستان کراچی کے نمائندے طارق بلوچ کو بتایا کہ پاک فوج اور رینجرز کے جوان قادر پور بند پر پہنچ گئے ہیں انہوں نے کچھ کے علاقے میں پھنسے لوگوں کومحفوظ مقامات پرمنتقل کرنے کیلئے امدادی کارروائیاں شروع کردی ہیں۔


کشمور، کندھ کوٹ ، لاڑکانہ ، سکھر اور خیرپوراضلاع کے پانچ سو سے زائد دیہات زیرآب آگئے ہیں۔  ریڈیوپاکستان لاڑکانہ کے نمائندے نورحسین چنڈ نے اطلاع دی ہے کہ ضلع بدین کے علاقے PINGRIO کے قریب نہر میں شگاف پڑنے سے علاقے کے دس دیہات زیرآب آگئے ہیں۔  لاہور کے سیلاب کی اطلاع دینے والے مرکز کے مطابق دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر اونچے درجے کا سیلاب متوقع ہے اور جمعرات سے جمعہ تک پانی کی سطح پانچ لاکھ چالیس ہزار کیوسک سے پانچ لاکھ اسی ہزار کیوسک تک پہنچ جائے گی۔


لاہور میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے کے ترجمان کے مطابق ضلعی انتظامیہ کوہدایت کی گئی ہے کہ وہ تونسہ میں اونچے درجے کے سیلاب کی صورتحال میں کسی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہیں۔


انہوں نے کہاکہ عوام پنجاب کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے سے ہاٹ لائن نمبر 1129 پر رابطہ کرکے سیلاب کی تازہ ترین صورتحال اور سیلاب سے متعلق دوسری معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔