خزانہ کے پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد افضل نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ بنکاری نظام کو شرعی اصولوں کے مطابق بنانے کے لئے ایک رہبر کمیٹی قائم کی گئی ہے جو اس حوالے سے تجاویز اور سفارشات تیار کرے گی۔

28 فروری 2014 (14:42)
0

قومی اسمبلی کو آج بتایا گیا ہے کہ مالیاتی نظام کو بتدریج اسلامی اصولوں کے مطابق بنانے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔


 


خزانہ کے پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد افضل نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ بنکاری نظام کو شرعی اصولوں کے مطابق بنانے کے لئے ایک رہبر کمیٹی قائم کی گئی ہے جو اس حوالے سے تجاویز اور سفارشات تیار کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بیس فیصد مالیاتی معاملات اسلامی بنکاری پر منتقل کئے گئے ہیں۔


 


حکومت کی نجکاری پالیسی سے متعلق رانا افضل نے کہا کہ آئل اینڈ گیس ڈیویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ اور پاکستان پٹرولیم لمیٹڈ کی نجکاری نہیں کی جا رہی ہے۔


 


انہوں نے کہا کہ متعلقہ شراکت داروں کی مشاورت سے پی آئی اے اور پاکستان اسٹیل ملز سمیت مختلف اداروں کی تنظیم نو کا آغاز کیا جا رہا ہے۔


 


منصوبہ بندی اور ترقی کے وزیر احسن اقبال نے ایوان کو بتایا کہ حکومت صوبائی حکومتوں اور دوسرے شراکت داروں کے ساتھ قومی سماجی سربراہ اجلاس منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ سماجی شعبے میں ترقی کے عمل کو تیز کیا جا سکے اور میلینیم ترقیاتی اہداف حاصل کئےجا سکیں۔


ایوان کا اجلاس پیر کی سہ پہر چار بجے تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔