انہوں نے یوتھ بزنس لونز کی پہلی قرعہ اندازی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسوں کی وصولی میں سترہ فیصد اضافہ ہوا ہے

28 فروری 2014 (20:29)
0

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان اقتصادی شعبے میں تیزی سے ترقی کررہا ہے اور گزشتہ سات ماہ کے دوران مجموعی ملکی پیداوار ' صنعتی ترقی اور ٹیکسوں کی وصولی میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے  جمعہ کو تیسرے پہر اسلام آباد میں وزیراعظم کے یوتھ بزنس لونز کی پہلی قرعہ اندازی کی تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکسوں کی وصولی میں سترہ فیصد اضافہ ہوا ہے اور صنعتی شعبے نے چھ اعشاریہ چھ فیصد کی شرح سے ترقی کی ہے۔
یوتھ بزنس لونز کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ نوجوانوں کو مالیاتی وسائل کی منتقلی قوم کی تقدیر بدلنے کے حکومت کے عزم کی جانب پہلا قدم ہے۔
انہو ں نے یقین ظاہر کیا کہ سکیم کے تحت قرضے حاصل کرنے والے اپنے لیے بھی  روزگار حاصل کریں گے اور دوسروں کو بھی ملازمتیں فراہم کریں گے ۔
انہوں نے کہا کہ سکیم مکمل طور پر شفاف ہے اور  اب تک اڑتیس ہزار درخواستیں وصول ہوئی ہیں جن میں سے تقریباً چھ ہزار درخواستوں کی منظوری دی گئی ہے تاہم سالانہ ایک لاکھ نوجوانوں کو قرضے جاری کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
توانائی بحران کے بارے میں نوازشریف نے کہا بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں بتدریج کمی ہوئی ہے اور نئے بجلی گھر لگانے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی کا شعبہ حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔