رواں سال ایک لاکھ7ہزار526عازمین سرکاری سکیم کے تحت فریضہ حج ادا کریں گے
28 اپریل 2017 (19:14)
0

سرکاری حج سکیم2017 ء کے تحت کامیاب درخواست گزاروں کے انتخاب کے لئے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی اسلام آباد میں ہوئی۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے مذہبی امور کے وزیر سردار یوسف نے کہا کہ تین لاکھ چھیاسی ہزار چھیانوے درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے ایک لاکھ سات ہزار پانچ سو چھبیس عازمین سرکاری حج سکیم کے تحت حج ادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نوے سال سے زائد عمر کے 197 افراد کی درخواستیں بغیر قرعہ اندازی کے حج کے لئے منظور کرلی گئی ہیں اور ان کی دیکھ بھال کے لئے ایک شخص کو ساتھ جانے کی اجازت ہوگی۔
وزیر مذہبی امور نے کہا کہ کامیاب درخواست گزاروں کو ایس ایم ایس کے ذریعے اطلاع دی جائے گی اور تمام معلومات وزارت کی ویب سائیٹ پر بھی دستیاب ہوں گی۔
انہوں نے کہا کہ کامیاب امیدوار اپنا کارآمد پاسپورٹ اگلے ماہ کی دس تاریخ تک جمع کراسکتے ہیں جبکہ وہ امیدوار جو کامیاب نہیں ہوئے اپنی رقم بینک کے اوقات میں واپس نکلوا سکتے ہیں انہوں نے کہا کہ حج آپریشن یکم ذیقعد کو شروع ہوگا۔
مذہبی امور کے وزیر نے بتایا کہ 50 فیصد عازمین کو مکہ مکرمہ اور 50 فیصد کو مدینہ منورہ لے جایا جائے گا۔