وزیراعظم کی بجلی منصوبوں کی بروقت منصوبہ بندی اور بلاتاخیر تکمیل یقینی بنانے کی ہدایت۔

وزیر اعظم کا توانائی منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ
28 اپریل 2017 (17:49)
0

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات دلانا حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لئے تمام ممکنہ کوششیں کی جارہی ہیں۔انہوں نے یہ بات جمعہ کے روز اسلام آباد میں توانائی کے بارے میں کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کے دوران کہی جس میں بجلی کے مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ بجلی کے تمام منصوبوں کی بروقت منصوبہ بندی کی جانی چاہیے اور ان کی بلاتاخیر تکمیل بھی یقینی بنائی جائے۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ بجلی کی فراہمی پر کڑی نظر رکھنے کے لئے ایک پرعزم ٹیم تشکیل دی جائے۔وزیراعظم نے ملک میں بجلی کی ترسیل و تقسیم کے نظام اور اس کی طلب کی ہفتہ وار رپورٹ بھی طلب کی۔نواز شریف نے ٹیم کو بھی ہدایت کی کہ وہ اس بارے میں ہفتہ وار رپورٹ پیش کرے۔
انہوں نے پانی و بجلی کے سیکرٹری، سیکرٹری خزانہ اور وزیراعظم کے سیکرٹری کو ہدایت کی کہ وہ بجلی پیدا کرنے والی غیر فعال نجی کمپنیوں سے متعلق مسائل کے حل کیلئے ایک لائحہ عمل وضع کریں اور دو دن میں اپنی رپورٹ پیش کریں۔
وزیراعظم نے پٹرولیم اور پانی و بجلی کی وزارتوں کو ہدایت کی کہ وہ فرنس آئل سے چلنے والے بجلی گھروں کی مائع قدرتی گیس اور کوئلے پر منتقلی کے متوازن منصوبے پر کام کریں اور یہ منصوبہ آئندہ اجلاس میں پیش کریں۔پانی اور بجلی کے سیکرٹری نے اجلاس کو فعال اور غیر فعال آئی پی پیز کے بجلی گھروں کی دستیابی اور ان کے استعمال سے متعلق بریفنگ دی۔
انہوں نے کہا کہ رواں ماہ آٹھ سو چھیاسٹھ میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کی گئی ہے اور آئندہ ماہ کے وسط تک مزید چار سو میگاواٹ بجلی شامل کی جائے گی۔