Thursday, 25 April 2024, 07:23:44 pm
سائنس وٹیکنالوجی سے وابستہ پاکستانی خواتین کی قابلیت، مہارت کودنیامیں پذیرائی مل رہی ہے:مسعودخان
October 28, 2022

امریکہ میں تعینات پاکستان کے سفیرمسعودخان نے کہا ہے کہ پاکستانی خواتین کی سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبوں میں قابلیت اور مہارت کو نہ صرف ملکی سطح پر سراہا جا رہا ہے بلکہ بین الاقوامی پذیرائی بھی مل رہی ہے ۔

پاکستان کےسفیرمسعودخان نے امریکی محکمہ خارجہ کے ٹیک وومن پروگرام کے تحت امریکہ کے دورے پر آئی ہوئی پاکستانی خواتین کے ایک وفد سے گفتگو میں کہا کہ ٹیکنالوجی کے شعبے سے وابستہ خواتین کی تحقیق ، اختراعی حل، تجزیاتی صلاحیتوں اور وژن سے موسمیاتی تبدیلی جیسے سنگین چیلنج پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

سفیرپاکستان نے وفد کے شرکا پر زور دیا کہ وہ ملک کو درپیش چیلنجز بالخصوص موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے آگاہی کے لئے ٹیکنالوجی پر مبنی حل تجویز کریں۔ٹیک ویمن پروگرام کی افادیت کو سراہتے ہوئے سفیر پاکستان نے شرکا سے کہا کہ وہ اپنے نیٹ ورکس کو مزید مربوط بنانے اورمتعلقہ شعبوں کے ماہرین کے ساتھ پیشہ ورانہ روابط قائم کرنے کیلئے اس موقع کو موثر پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کریں۔سفیر پاکستان نے کہا کہ امریکہ جدید سائنسز اور ٹیکنالوجیز میں دنیا کی سرکردگی کرتا ہے ۔ ٹیک وویمن جیسے مواقعوں سے جہاں پیشہ وارانہ صلاحیتوں کے فروغ میں مدد ملتی ہے وہاں دونوں ملکوں کے درمیان پیشہ وارانہ افراد کے مابین روابط کو مضبوط بنانے میں مدد ملتی ہے۔وفد کے شرکا نے امریکہ میں قیام کے دوران اپنے تجربات سے سفیر پاکستان کو آگاہ کیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کا ٹیک ویمن پروگرام دنیا بھر سے سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبوں میں قابلیت رکھنے والی خواتین کی حوصلہ افزائی کرتا ہے اور انہیں بااختیار بنانے کیلئے مواقع فراہم کر تا ہے ۔ٹیک ویمن پروگرام میں رواں سال 22 مختلف ممالک سے 108 شرکا میں سے 6 پاکستانی خواتین رہنمائوں کو منتخب کیا گیا۔سفیر پاکستان نے پروگرام کے لئے منتخب ہونے اور امریکہ میں اپنے ملک کی نمائندگی کرنے پر خواتین شرکا کومبارکباددی۔

پاکستانی وفد میں پاکستان میوزیم آف نیچرل ہسٹری/پاکستان سائنس فائونڈیشن اسلام آباد سے منسلک ایسوسی ایٹ کیوریٹر شہناز ذکیہ سمیت پنجاب یونیورسٹی لاہور کے شعبہ کیمیا سے تعلق رکھنے والی اسسٹنٹ پروفیسر ڈاکٹر عمارہ ڈار، کمپیوٹر گرافکس ماہر صدف گل، انعم صادق، ڈیویننگز کی شریک بانی صدف شاہ، ڈرلنگ اینڈ کمپلیشنز انجینئر اور ٹریس لاجکس کی شریک بانی سیدہ رملا حسن شامل تھیں۔

 

Error
Whoops, looks like something went wrong.