Friday, 29 March 2024, 01:11:50 pm
وزیراعظم کا مسلم ممالک پر مغرب میں بڑھتے اسلامو فوبیا کا ملکر مقابلہ کرنے پر زور
October 28, 2020

وزیر اعظم عمران خان نے مسلم ممالک کے سربراہوں کوایک خط لکھا ہے جس میں ان سے کہا گیا ہے کہ وہ غیر مسلم ممالک خصوصاً مغربی ممالک میں اسلام کیخلاف بڑھتے ہوئے منفی رجحان ، نفرت اور خوف کا مل کر مقابلہ کریں جن سے مسلم ممالک میں تشویش کی لہر دوڑگئی ہے۔ 

انہوں نے اپنے خط میں کہا کہ آج ہمیں مسلم امہ میں بڑھتی ہوئی تشویش اور بے چینی کا سامنا ہے کیونکہ ہم دیکھ رہے ہیں کہ مغربی دنیا، خاص طور پر یورپ میں اسلامو فوبیا بڑھ رہا ہے اور ہمارے پیارے نبی صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم خاتم النبیین کی ذات اقدس پر گستاخانہ حملے کئے جارہے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ رہنمائوں کی سطح پر حالیہ بیانات اور قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات مسلمانوں اور اسلام کیخلاف شدید نفرت اور عناد کی عکاسی ہے جو یورپی ممالک میں بڑھتی جارہی ہے جہاں بڑی تعداد میں مسلمان مقیم ہیں۔ عمران خان نے مسلم امہ کو متحد ہونے پرزور دیتے ہوئے کہا کہ اس مرحلے پر ہم پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ ہم اجتماعی طور پر دنیا سے تشدد کے خاتمے اور اموات روکنے کیلئے نفرت اور انتہاپسندی سے مقابلہ کریں۔ انہوں نے مسلم رہنمائوں پر زور دیا کہ وہ آواز اٹھائیں اور غیر مسلم رہنمائوں خصوصا یورپی ممالک پر واضح کریں کہ مسلمان قرآن پاک سمیت تمام آسمانی کتابوں اور ہمارے پیارے نبی حضرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم خاتم النبیین سے اپنی جانوں سے زیادہ گہری عقیدت اور محبت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ ہم دوسروں تک پہنچیں اور ظلم ' جہالت اور نفرت کا خاتمہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا مزید ایسی نفرت کا متحمل نہیں ہوسکتی جس سے صرف انتہاپسندوں کے مقاصد کی تکمیل ہوتی ہو اور اس کا انجام تشدد پر ہی ہوتا ہو۔ عمران خان نے کہا کہ ہم ریاست مدینہ اور میثاق مدینہ کے اصولوں کے مطابق امن اور رواداری کیلئے رہنمائی حاصل کرتے ہیں۔

 

Error
Whoops, looks like something went wrong.