نواز شریف نے مسئلہ کشمیر موثر طورپر اٹھایا مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو اجاگر کیا ۔

وزیراعظم وطن واپس پہنچ گئے
27 ستمبر 2016 (23:06)
0

وزیراعظم محمد نوازشریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں پاکستان کی نمائندگی کے بعد وطن واپس پہنچ گئے ہیں ۔ جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر موثر طورپر اٹھایا ، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کو اجاگر کیا ۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں دنیا کی توجہ پاکستان میں بھارت کی مداخلت، خطے میں اسلحے کی دوڑ میں شامل ہوئے بغیر کم سے کم دفاعی صلاحیت رکھنے کے بارے میں پاکستان کے موقف ، افغانستان میں مفاہمت کی کوششوں اور نیوکلیئر سپلائرز گروپ کی رکنیت کیلئے پاکستان کی اہلیت کی طرف بھی مبذول کرائی ۔

محمد نوازشریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر او آئی سی کے رابطہ گروپ کے اجلاس میں شرکت کی اورعالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں کیں ۔ ملاقاتوں کے دوران انہوں نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اوردیگر ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا ۔ انہوں نے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقو ق کی پامالیوں کے بارے میں ایک ڈوزیئر بھی حوالے کیا ۔