file photo

اعلیٰ تعلیمی کمیشن نے 16-2015 ء کے دوران پی ایچ ڈی کے 687 وظائف دیئے
27 ستمبر 2016 (17:32)
0

سینٹ کو بتایا گیاہے کہ اعلیٰ تعلیمی کمیشن نے سال16-2015 ء کے دوران پی ایچ ڈی کے 687 وظائف دیئے۔ تعلیم کے وزیر مملکت بلیغ الرحمن نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ ان میں 415 وظائف غیر ملکی اور 272 مقامی ہیں جن کی مجموعی لاگت55 کروڑ80 لاکھ روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکالرز کی اکثریت بیرون ملک اپنی تعلیم مکمل کرکے واپس پاکستان آجاتی ہے تاہم جو ملک کی خدمت کرنے واپس نہیں آتے ان کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے انہوں نے کہا ہائیرایجوکیشن کمیشن کے پروگرام کے مطابق پی ایچ ڈی سکالرز کو پاکستان واپسی پر لازمی نوکری دی جاتی ہے۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معیار تعلیم کی بہتری کیلئے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں جن میں اساتذہ کی تربیت' انتظامی بہتری اور اعلیٰ تعلیم کیلئے بجٹ کے فنڈز میں اضافہ شامل ہے۔ پارلیمانی امور کے وزیر شیخ آفتاب احمد نے ایوان کو بتایا کہ ملک میں گندم کا تقریباً دو کروڑ پچانوے لاکھ 67 ہزار ٹن ذخیرہ موجو د ہے جو ضرورت سے 41لاکھ67 ہزار ٹن زیادہ ہے کیونکہ سالانہ قومی ضرورت دو کروڑ 54 لاکھ ٹن ہے انہوں نے کہا کہ ملک میں قحط سال کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔
ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر نے کہا کہ وزیراعظم کے اعلان کردہ کسان پیکیج کے تحت کپاس اور چاول کے کاشتکاروں کیلئے بیس ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جس کا بوجھ وفاقی اور صوبائی حکومتیں برابر برداشت کریںگی۔