وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاہے کہ مالی امدا د کا دوسرا مرحلہ آئندہ ماہ کی بیس تاریخ سے شروع ہو گا۔

متاثرین سیلاب میں یکم اکتوبر سے مالی امداد کی تقسیم شروع کر دی جائے گی :شہباز شریف
27 ستمبر 2014 (15:13)
0

امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے وفاقی وزیر برجیس طاہر نے آج لاہور میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران انہوں نے سیلاب متاثرین کے لئے جاری امداد اور بحالی کی کارروائیوں کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔


وزیراعلیٰ نے کہا کہ سیلاب سے آزادکشمیر کے علاوہ پنجاب میں بھی بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے۔ انہوں نے آزادکشمیر میں سیلاب سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور املاک کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسو س کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت مہینوں کی بجائے دنوں میں سیلاب متاثرین کی بحالی کا عمل شروع کر رہی ہے۔

 

پنجاب کے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پہلے مرحلے میں متاثرین کو اپنے گھروں کی تعمیر کیلئے معاوضہ فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یکم اکتوبر سے پہلی قسط کی ادائیگی شروع کر دی جائے گی جبکہ دوسرا مرحلہ آئندہ ماہ کی بیس تاریخ سے شروع ہو گا۔


وفاقی وزیر برجیس طاہر نے کہا کہ وزیراعظم سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی کے لئے خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔