وزیراعظم نواز شریف اور امریکی نائب صدر جوبائیڈن نے ملاقات کے دوران کہاکہ خطے میں امن سلامتی اور استحکام ہمارا مشترکہ ہدف ہے۔

پاکستان اورامریکہ سکیورٹی کےشعبےمیں دوطرفہ شراکت داری کومزیدمضبوط بنانےکیلئےپرعزم
27 ستمبر 2014 (10:45)
0

پاکستان اورامریکہ سکیورٹی کے شعبے میں دوطرفہ شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کیلئے پرعزم ہیں کیونکہ وہ اسے علاقائی استحکام کیلئے ضروری سمجھتے ہیں۔اس عزم کا اظہار نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف اور امریکہ کے نائب صدر جوبائیڈن کے درمیان ایک ملاقات میں کیاگیا۔


دونوں رہنمائوں نے توانائی ،مالیاتی،اقتصادی اور دفاعی شعبوں سمیت دوسرے تمام شعبوں میں دوطرفہ شراکت داری کے استحکام کیلئے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تذویراتی مذاکرات کے تعمیری کردار کااعترا ف کیا۔دونوں رہنمائوں نے کہا کہ خطے میں امن سلامتی اور استحکام ہمارا مشترکہ ہدف ہے اور پاکستان اور امریکہ کے درمیان مضبوط تعلقات کے حصول کیلئے بہت اہم ہیں۔وزیراعظم نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں امریکہ کے تعاون کی تعریف کی۔

 

وزیراعظم اور نائب امریکی صدر جو بائیڈن نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور امریکہ کیلئے دہشتگردی ایک مشترکہ خطرہ ہے۔نواز شریف نے اس موقع پر پاکستان سکیورٹی فورسز کی طرف سے دہشتگردوں کیخلاف حالیہ کارروائی میں حاصل کی گئی اہم کامیابیوں کا ذکر کیا اور کہا کہ پاکستان نے اپنی سرزمین سے دہشتگردی کے خاتمے کا پختہ عزم کررکھاہے۔