وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت احتجاج کے دن امن وامان برقراررکھنے کی اپنی قانونی ذمہ داری پوری کریگی۔

حکومت کو صرف ووٹ کے ذریعے ہی تبدیل کیا جا سکتا ہے:سعد رفیق
27 اکتوبر 2016 (20:27)
0

وزیرریلوے خواجہ سعدرفیق نے کہاہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان کے اقدامات نے جمہوریت اوراداروں کے آزادانہ طورپر کام کو خطرے میں ڈال دیاہے۔

جمعرات کی شام اسلا م آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کو معلوم ہوناچاہیے کہ حکومت کو صرف ووٹ کے ذریعے ہی تبدیل کیاجاسکتاہے۔
انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت احتجاج کے دن امن وامان برقراررکھنے کی اپنی قانونی ذمہ داری پوری کریگی۔
خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ تحریک انصاف کے پاس اسلام آباد کو بند کرنے کاکوئی جواز نہیں جبکہ سپریم کورٹ نے پہلے ہی پانامہ لیکس پرعرضداشتوں کی سماعت شروع کردی ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومت مختلف سیاسی جماعتوں سے رابطے میں ہے اور ملک کے مفاد میں تحریک انصاف سے بھی بات کرسکتی ہے۔
وفاقی وزیر نے افسوس ظاہر کیا کہ تحریک انصاف ایک ایسے وقت میں دھرنا دے رہی ہے جب پاکستان اقتصادی طورپرخوشحال ہورہا ہے اور پاک چین اقتصادی راہداری پر تیزی سے کام جاری ہے۔
انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف ایک بار پھر خلل ڈالنا چاہتی ہے جیسا کہ اس نے 2014ء میں کہاتھا جس سے اقتصادی راہداری کے آغاز میں تاخیرہوئی۔
وفاقی وزیر نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ اتحاد اورمشترکہ حکمت عملی کے ذریعے دہشت گردی کامکمل خاتمہ کردیاجائیگا۔
اس موقع پر کیڈ کے وزیرمملکت طارق فضل چودھری نے کہاکہ اسلام آباد کے رہائشیوں کووفاقی دارالحکومت بند کرنے کی عمران خان کی دھمکیوں پرتحفظات ہیں۔