نواز شریف نے واضح طور پر کہا کہ اگر یہ خلاف ورزیاں جاری رہیں تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

ہماری امن کی خواہش کو ہر گز کمزوری نہ سمجھا جائے:وزیراعظم
27 اکتوبر 2016 (14:31)
0

وزیراعظم نواز شریف نے ورکنگ باونڈری اور کنٹرول لائن پر بھارتی فوج کی طرف سے جنگ بندی کی حالیہ بلااشتعال خلاف ورزیوں کی شدید مذمت کی ہے۔ایک بیان میں انہوں نے واضح طور پر کہا کہ اگر یہ خلاف ورزیاں جاری رہیں تو اس کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر ممکن صبروتحمل کا مظاہرہ کیا لیکن امن کی ہماری خواہش کو ہر گز کمزوری نہ سمجھا جائے ۔
نواز شریف نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو تمام تصفیہ طلب مسائل و تنازعات مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر یقین رکھتا ہے ۔ ایک ذمہ داری ملک کے طور پر ہم جنوبی ایشیاء کی اجتماعی فلاح وخوشحالی کی غرض سے علاقائی امن استحکام کے لئے کوششیں کر رہے ہیں۔نواز شریف نے کہا کہ یہ امر افسوسناک ہے کہ ہماری مثبت کوششوں کا بھارت کی طرف سے اسی جذبے کے ساتھ جواب نہیں دیا جا رہا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت جنگ بندی کی حالیہ خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرے اور اسکے نتائج سے پاکستان کو آگاہ کرے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی فوج کو ہدایت کرے کہ وہ جنگ بندی کی حقیقی معنوں میں پاسداری کرے، دانستہ طور پر دیہات کو نشانہ بنانے سے گریز کرے اور ورکنگ باونڈری اور کنٹرول لائن پر امن قائم رکھے۔