نواز شریف نے جموں وکشمیر کے عوام کے منصفانہ نصب العین کے لئے پاکستان کی غیرمتزلزل اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کیا۔

File photo

کشمیری عوام پر بھارتی مظالم انتہائی قابل مذمت ہیں:وزیراعظم
27 اکتوبر 2016 (11:10)
0

وزیراعظم نواز شریف نے یوم سیاہ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیری عوام پر بھارتی مظالم انتہائی قابل مذمت اور انسانی اقدار کے منافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے تناظر میں بھارتی فوج کے مظالم میں اضافہ ہو گیا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا جاری سلسلہ کوئی نئی بات نہیں ، یہ گزشتہ اڑسٹھ سال سے مقبوضہ وادی میں ریاستی مظالم ، قتل وغارت اور نسل کشی کی ایک واضح جھلک ہے۔
نواز شریف نے کہا ، وقت آ گیا ہے کہ بھارت نوشتہ دیوار پڑھ لے اور دیرینہ تنازعہ جموں وکشمیر کے خوش اسلوبی سے تصفیے کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی زیرالتواء قراردادوں پر عملدرآمد کرے۔  کشمیری عوام کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے نواز شریف نے جموں وکشمیر کے عوام کے منصفانہ نصب العین کے لئے پاکستان کی غیرمتزلزل اخلاقی ، سفارتی اور سیاسی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو حق خودارادیت ملنے تک ہم ان کی حمایت جاری رکھیں گے۔