یہ منصوبہ اگست دوہزار اٹھارہ تک مکمل کرلیا جائے گا۔

اقتصادی راہداری کا مغربی روٹ ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کیا جارہاہے:تارڑ
27 اکتوبر 2016 (09:32)
0

نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے چیئرمین شاہداشرف تارڑ نے یقین دلایا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا مغربی روٹ ترجیحی بنیادوں پر تعمیر کیا جارہاہے جو اگست دوہزار اٹھارہ تک مکمل کرلیا جائے گا۔ وہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے بارے میں پارلیمانی کمیٹی کو بریفنگ دے رہے تھے جس کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سید کی صدارت میں ہوا۔

منصوبہ بندی کے وزیر احسن اقبال نے اس موقع پر کہاکہ تمام صوبوں اور گلگت بلتستان کے نمائندوں کو اگلے ماہ بیجنگ میں سی پیک سے متعلق مشترکہ رابطہ کمیٹی کے چھٹے اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ مشترکہ رابطہ کمیٹی کے اجلاس سے پہلے آئندہ ماہ کے شروع میں مشترکہ ورکنگ گروپوں کے اجلاس ہونگے۔ اس کے علاوہ دیہی اور شہری ترقی، غربت کے خاتمے اورصنعتی پارکس کے قیام میںچینی تجربات سے استفادے کیلئے پانچ پاک چین ورکشاپس بھی منعقد کی جائیں گی۔
احسن اقبال نے کہاکہ مختلف شعبوں میں ماحول دوست اقتصادی منصوبوں کے ذریعے گلگت بلتستان کو چین پاکستان اقتصادی راہداری میں مکمل طور پر شامل کیا جارہاہے۔
ان منصوبوں میں ایک علاقائی گرڈ، عطا ء آباد جھیل پر سیاحت، خنجراب اسلام آباد ، فائبر آپٹیکل کیبل، معدنیات کی کان کنی کا منصوبہ، پن بجلی منصوبے، شاہراہ قراقرم کی تعمیر و ترقی اور انجینئرنگ یونیورسٹی اورمیڈیکل کالج کا قیام شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت ہر صوبے میں خصوصی اقتصادی زون قائم کئے جائیں گے۔