وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ عمران خان نے اقتصادی راہداری کیخلاف سازشیں کرنے میں نریندرمودی کوبھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

File photo

پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے شفافیت کے کلچر کو فروغ دیا:شہباز
27 اکتوبر 2016 (09:13)
0

پنجاب کے وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے شفافیت کے کلچر کو فروغ دیا ہے اورترقیاتی منصوبوں میں پیسے کی بچت کی ہے۔ انہوں نے لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ صرف توانائی کے منصوبوں میںایک سو بارہ ارب روپے کی بچت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ لاہور کا سیف سٹی منصوبہ جس کا افتتاح محرم میں کیاگیا شفافیت اوربچت کی مثال ہے۔ انہوں نے کہاکہ Pildat کی حالیہ سروے رپورٹ کے مطابق پنجا ب میں چھیاسٹھ فیصد عوام نے حکومت کی کارکردگی کو سراہاہے جبکہ خیبرپختونخوا میں صرف اڑتیس فیصد عوام پاکستان تحریک انصاف کی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کیخلاف سازشیں کرنے میں نریندرمودی کوبھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جو لوگ پاکستان کی خوشحالی نہیں چاہتے انہوں نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کی مخالفت میں دو نومبر کو پاکستان بند کرنے کی سازش تیار کی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ سیاسی طورپر بالغ نظر لوگ ان کے ملکی معیشت کو مفلوج کرنے کے شر انگیز منصوبے ایک بار پھر مسترد کردیں گے۔
تحریک انصاف کے سربراہ کی جانب سے اپنے اوپر عائد کئے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے انہوں نے عمران خان کے خلاف چھبیس ارب چون کروڑ روپے کے ہر جانے کا مقدمہ کرنے کا اعلان کیا۔