File Photo

پاکستان کاعالمی برادری پر مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے قتل کو بند کرنے پر زور
27 مئی 2017 (22:31)
0

پاکستان نے عالمی برادری خصوصاً اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم، پی فائیو اور انسانی حقوق کی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں کے سنگدلانہ قتل کو فوری طور پر بند کیا جائے۔
یہ بات مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے ایک بیان میں کہی انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بارہ کشمیری نوجوانوں کے قتل کی شدید مذمت کی۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں پر کئے جانے والے مظالم کی اطلاعات کو دنیا بھر میں پہنچنے سے روکنے کیلئے سماجی، الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر پابندی عائد کردی ہے۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت بیگناہ کشمیریوں کے خلاف اپنے جرائم مخفی رکھنے کیلئے کنٹرول لائن پر کشیدگی میں اضافہ کر رہا ہے۔
مشیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کشمیری نوجوانوں کی تحریک کو پوشیدہ رکھنے میں ناکامی پر اسے دہشت گردی سے منسوب کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرکے مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب بتدریج تبدیل کرنے کا منصوبہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے نوٹس میں لایا گیا ہے۔
سرتاج عزیز نے مقبوضہ کشمیر میں کشمیری بھائیوں کی حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد میں پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا جس کا وعدہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں میں کیا گیا۔