چین، افغانستان، پاکستان عملی تعاون مذاکرات کا پہلا دور آج بیجنگ میں ہوا
27 مئی 2017 (18:08)
0

چین، افغانستان، پاکستان عملی تعاون مذاکرات کا پہلا دور آج بیجنگ میں ہوا۔
پاکستان کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل منصور احمد خان ،چین کی وزارت خارجہ کے ڈائریکٹر جنرلXIAO QUIAN اور افغانستان کی وزارت خزانہ کے ڈائریکٹر جنرل خالدPAYENDAنے مشترکہ طور پر مذاکرات کی صدارت کی۔
فریقین نے دوطرفہ تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اس مقصد کیلئے عملی اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان اور خطے میں امن ، استحکام اور ترقی کیلئے پاکستان ، چین اور افغانستان کے درمیان سہ فریقی تعاون ناگزیر ہے۔
تینوں ممالک نے پاک چین اقتصادی راہداری اور علاقائی روابط کے فروغ کیلئے اس کے فوائد کی تعریف کی، انہوں نے ایک خطہ ایک سڑک منصوبے کے لائحہ عمل کے تحت باہمی فوائد او ر علاقائی اقتصادی استحکام کے فروغ کی غرض سے مختلف شعبوں میں عملی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔
چین اور پاکستان نے بنیادی ڈھانچے، توانائی، تعلیم، صحت، زراعت، انسانی وسائل کی تربیت کے شعبوں اور افغانستان کی ضروریات پر مبنی استعداد کار بڑھانے کیلئے سہ فریقی تعاون کے مواقع کا جائزہ لینے پر بھی اتفاق کیا۔